Home / چیچہ وطنی نیوز / بانی پاکستان کا 143 واں یوم پیدائش آج قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
Quaid e Azam Muhammad Ali Jinnah birthday

بانی پاکستان کا 143 واں یوم پیدائش آج قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

چیچہ وطنی نیوز: بانی پاکستان و بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا 143 واں یوم ولادت آج ملک بھر میں قومی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات ، سیمینارز ، کانفرنسز ، مذاکروں، مباحثوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

برصغیر کے مسلمانوں کو پاکستان کی صورت میں ایک آزاد وطن دینے والے اور اقبال کے خوابوں کی تکمیل کیلئے دن رات ایک کرنے والے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے۔ بانی پاکستان کے یوم ولادت کے موقع پر تمام بڑے و چھوٹے شہروں میں سرکاری و غیر سرکاری خصوصی تقریبات کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ اس موقعے پر وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی دی جائے گی اور کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی منعقد ہوگی۔ اس موقعے پر الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرام نشر کرے گا جبکہ پرنٹ میڈیا میں بھی خصوصی اشاعتوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

قائد اعظم محمد علی جناح 25دسمبر 1876ء کوکراچی میں پیدا ہوئے۔انہوں نے ابتدائی تعلیم کا آغاز 1882ء میں کیا۔وہ 1893ء میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے انگلستان روانہ ہو گئے۔ وہاں سے انہوں نے 1896ء میں بیرسٹری کا امتحان پاس کیا. اس کے بعد قائد اعظم محمد علی جناح نے سیاسی زندگی کا آغاز کرتے ہوئے انڈین نیشنل کانگریس میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی لیکن کچھ عرصے بعد انہیں احساس ہوا کہ کانگریس صرف ہندوؤں کی نمائندہ جماعت ہے جہاں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جاتا ہے۔ چنانچہ 1913میں انہوں نے مسلمانوں کی واحد نمائندہ جماعت آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور یہاں سے علیحدہ وطن کی باقاعدہ تحریک کا آغاز کردیا۔

بالآخر ان کی جدوجہد رنگ لائی اور 14اگست 1947 کوبرصغیر کے مسلمانوں کا علیحدہ وطن حاصل کرنے کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوا جس کا نام پاکستان رکھا گیا۔ آزادی کے بعد قائد اعظم کی طبیعت ناساز رہنے لگی اور کئی بیماریوں سے لڑتے لڑتے بالآخر 11ستمبر 1948کو ملت کا یہ روشن ستارہ دار فانی سے کوچ کرگیا. لیکن رہتی دنیا تک یہ قوم اپنے عظیم قائد کی احسان مند رہے گی۔

About Farooq

Arshad Farooq has been an Urdu Columnist, feature writer and blogger for 10 years. Has has done masters in English and Journalism from Bahauddin Zakariya University Multan, Punjab, Pakistan.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے