Home / ساہیوال / سانحہ ساہیوال: ایڈیشن آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی پنجاب اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عہدوں سے فارغ
sahiwal news

سانحہ ساہیوال: ایڈیشن آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی پنجاب اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عہدوں سے فارغ

چیچہ وطنی نیوز: سانحہ ساہیوال کی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ کی روشنی میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سی ٹی ڈی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی رائے محمد طاہر سمیت اعلیٰ عہدے داران کو فوری عہدوں سے ہٹا دیا ہے ۔

آپریشن کی قیادت کرنے والے ایس ایس پی اور ڈی ایس پی ساہیوال بھی معطل۔

‏آپریشن کرنے والے تمام اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج. سب کیخلاف کاروائی کا فیصلہ. اہلکاروں نے اپنی حدود سے تجاوز کیا.

انتہائی اہم اور ذمہ دار ذرائع کے مطابق سانحہ ساہیوال میں عہدے سے ہٹائے جانے والے سی ٹی ڈی پنجاب کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی رائےمحمد طاہر جعلی پولیس مقابلوں کے ماہر تصور کئے جاتے ہیں اور ان کا شمار سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے سربراہ شہباز شریف کے انتہائی قریب سمجھے جانے والے’’تابعدار قسم کے ‘‘ افسران میں ہوتا تھا ۔

سی ٹی ڈی سربراہ رائے محمد طاہر اس سے قبل 2013 میں بطور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ’’خدمات‘‘ سرانجام دیتے رہے ہیں اور اس دور میں ان پر ماورائے عدالت لوگوں کے قتل ، قبضہ گروپوں کے ساتھ مل کر شہریوں کی زمینوں پر زبردستی قبضہ کرنے جیسے کئی سنگین الزامات لگتے رہے ہیں ۔

رائے محمد طاہر جب ڈی آئی جی لاہور تھے اس وقت خاتون سمیت پورے خاندان کو حبس بے جا میں رکھنے جیسے الزامات ثابت بھی ہوچکے تھے تاہم اس وقت کے وزیر اعلیٰ پنجاب کی قربت کی وجہ سے یہ سنگین معاملہ بھی دبا دیا گیا تھا.

تاہم اکتوبر 2013 میں محکمہ پولیس کی جانب سے خاتون کو خاندان سمیت حبس بیجا میں رکھنے اور قبضہ گروپوں کی سرپرستی کے کیس میں ایڈیشنل آئی جی محمدعملیش کی سربراہی میں ہونے والی انکوائری میں رائے طاہر کو اس سنگین واقعہ کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشن لاہور کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا ۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سنگین جرم کی سزا دینے کی بجائے رائے محمد طاہر کو سی ٹی ڈی سربراہ کی ذمہ داری سونپ دی تھی ۔ ایڈیشنل آئی جی محمدعملیش نے اپنی انکوائری رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوائی تھی تاہم اس وقت بھی قبضہ گروپوں کی سرپرستی کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے کوئی سخت ایکشن نہیں لیا تھا۔

یاد رہے کہ سی ٹی ڈی سربراہ رائے محمد طاہر رائے ونڈ کے قریبی علاقے راجہ جنگ کے رہائشی ہیں اور ان کے ایک بھائی’’ یوسف بلو ‘‘ قبضہ گروپ اور مخالفین کو پولیس کے ہاتھوں جعلی مقابلوں میں پار کروانے میں کافی شہرت رکھتا ہے ۔ یہ بھی یاد رہے کہ رائے طاہر کا شمار سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے انتہائی رازداں افسران میں شمار ہوتا تھا اور اسی وجہ سے انہیں آؤٹ آف ٹرن ترقیاں دے کر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کے عہدے تک لایا گیا۔

About chichawatninews

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے